
تہران: ایرانی وزیرخارجہ علی باقری کنی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل پر واضح کر دیا ہے کہ ایران جرائم پیشہ صیہونیوں کو سزا دینے کے اپنا قانونی حق استعمال کرنے سے دریغ نہیں کرے گا۔ علی باقری کنی نے انتونیو گوتریس سے ٹیلیفونک گفتگو کی اور کہا کہ اسماعیل ہنیہ کو دہشت گردانہ حملے میں شہید کرنے کا صیہونی حکومت کا اقدام ایران کی ارضی سالمیت، خودمختاری اور قومی اقتدار اعلی کی کھلی خلاف ورزی ہے جس نے علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کو بھی خطرے میں ڈال دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو عالمی امن و سلامتی کے تحفظ کے لیے صیہونی حکومت کے خلاف ڈٹ جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ غزہ میں صیہونی حکومت کے جرائم اور بربریت کو روکے اور مظلوم فلسطینی عوام کو جرائم پیشہ صیہونی ٹولے کے شر سے نجات دلائے۔ انتونیو گوتریس نے ایران کے اپنے دفاع کے حق کو تسلیم کرتے ہوئے لبنان میں ایک وسیع جنگ کے ممکنہ آغاز اور اس کے نتائج کے بارے میں تشویش ظاہر کی۔


































