
تہران: ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہا ہے کہ ایران خلیج فارس کے کنارے واقع تمام ممالک کے ساتھ متوازن تعلقات کا خواہاں ہے۔ خطے کی سیکورٹی اور استحکام ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہفتہ وار پریس کانفرنس کے دوران ناصر کنعانی نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کے حوالے سے کہا کہ تہران اور ریاض کے درمیان سفارتی اور سیاسی چینلز کے ذریعے مختلف شعبوں میں تعلقات بڑھانے کے لئے مذاکرات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اقتصادی تعاون میں اضافہ چاہتے ہیں اس حوالے سے مزید مذاکرات کے لئے ایرانی وزیر اقتصاد کی سرہراہی میں ایک اعلیٰ سطحی وفد ریاض کا دورہ کرے گا۔ ناصر کنعانی نے دہشت گردی کے خلاف سپاہ پاسداران انقلاب کی خدمات کے بارے میں کہا ہے سپاہ پاسداران انقلاب دنیا میں دہشت گردی کے خلاف سب سے بڑی فورس ہے۔ یورپی پارلیمنٹ کے اراکین بھی دہشت گردی کے خلاف سپاہ پاسداران کی خدمات کا اعتراف کرچکے ہیں۔


































