
تہران: ایرانی وزیر خارجہ عراقچی نے کہا ہے کہ مذاکرات دباؤ اور دھمکیوں کے بجائے ایسے حالات میں ہونے چاہئیں جو برابری، انصاف اور شرافت پر مبنی ہوں۔ عراقچی نے کہا ہے کہ واشنگٹن کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے دباؤ اور دھمکی آمیز رویے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران جنگ نہیں چاہتا، لیکن اگر ضرورت پیش آئے تو اپنے دفاع کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔ امریکہ بخوبی جانتا ہے کہ ایران کی دفاعی طاقت کہاں تک پھیل سکتی ہے۔ عراقچی نے مزید کہا کہ حالیہ ہفتوں میں امریکی حکومت نے ایران کے پرامن جوہری پروگرام پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی ہے تاکہ اسے مذاکرات کی میز پر لایا جا سکے، جبکہ ایران پر جوہری ہتھیار بنانے کا الزام بے بنیاد ہے۔ ہمارا جوہری پروگرام پر امن ہے اور اس سلسلے میں ہم ہر قسم کی تشویش کو سفارت کاری کے ذریعے دور کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ جب تک زیادہ سے زیادہ دباؤ اور فوجی کارروائی کی دھمکیاں جاری رہیں گی، مذاکرات کے لیے سازگار حالات ممکن نہیں۔ ایران اس صورتحال میں براہِ راست مذاکرات نہیں کرے گا، تاہم سفارتکاری کے دروازے بند نہیں کیے گئے اور ہم نے واضح کیا ہے کہ امریکہ سے بالواسطہ مذاکرات ممکن ہیں۔


































