
تہران: ایران نے اسرائیل کیخلاف جوابی کارروائی نہ کرنے کا مغربی ممالک کا دباؤ مسترد کردیا۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہا کہ ایران کو اپنے تسلیم شدہ بین الاقوامی حقوق کے استعمال میں کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہے۔ مغربی ممالک کے ضرورت سے زیادہ مطالبات میں سیاسی منطق کا فقدان ہے اور یہ مطالبات بین الاقوامی قانون کے اصولوں اور قواعد کے بالکل خلاف ہیں۔ ایرانی ترجمان نے کہا کہ اگر برطانیہ، فرانس اور جرمنی خطے میں امن اور استحکام چاہتے ہیں تو ان کے لیے بہتر ہوگا کہ وہ ایک بار اور ہمیشہ کے لیے نسل پرست حکومت کے جنگجوؤں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کے خلاف اس کی نسل کشی کو فوری طور پر روکیں۔ تینوں ممالک کا ایران سے جوابی کارروائی نہ کرنے کا مطالبہ نسل کشی، جنگی جرائم، اور انسانیت کے خلاف جرائم کے ماسٹر مائنڈ اور مرتکب افراد کی حوصلہ افزائی کے مترادف ہے۔ واضح رہے کہ برطانیہ کے وزیراعظم سرکیئراسٹارمر۔ فرانسیسی صدر اور جرمن چانسلر نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان کو فون کرکے اسرائیل پر حملہ نہ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔


































