
اسلام آباد: ایران نے آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے اور جنگ کے خاتمے کیلئے پاکستانی ثالثوں کے ذریعے امریکا کو نئی تجاویز پیش کردیں۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی مسقط میں عمان کے سلطان سے ملاقات کے بعد مختصر دورے پر دوبارہ پاکستان پہنچے اور پاکستانی سیاسی اور عسکری حکام سے اہم ملاقاتیں کیں۔ ایرانی خبر ایجنسی کا کہنا ہے ایران کی پیش کردہ تحریری شرائط میں ایران نے اپنے جوہری پروگرام اور آبنائے ہرمز سے متعلق اپنی سرخ لکیریں واضح طور پر بیان کی ہیں۔ ایران کی شرائط میں آبنائے ہرمز کیلئے ایک نیا قانونی اور انتظامی نظام، ایران کے خلاف مبینہ فوجی جارحیت کے خاتمے کی ضمانت، بحری ناکہ بندی کے خاتمے کا مطالبہ اور جنگ کے دوران ہونے والے نقصانات پر ہرجانے کی ادائیگی شامل ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایران کا مؤقف ہے کہ کسی بھی مستقل جنگ بندی یا مذاکراتی پیش رفت کے لیے ان نکات پر پیش رفت ناگزیر ہے


































