
تہران : ایران نے غزہ کی صورتحال اور اسرائیلی نسل کشی کے خاتمے کیلئے اسلامی تعاون تنظیم کا غیر معمولی اجلاس طلب کرلیا۔ ایران کے عبوری وزیر خارجہ علی نے الجزائر کے ہم منصب احمد عطف کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی اور غزہ جنگ کی تازہ ترین پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ علی باقری نے مسلم ممالک کی جانب سے صیہونی حکومت کے حملوں کو روکنے کے لیے ایک مسودہ قرارداد پیش کرنے کی الجزائر کی کوششوں کی حمایت کی۔انہوں نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جرائم کو روکنے اور غزہ تک انسانی امداد کی فراہمی کو تیز کرنے کے لیے مسلم ریاستوں کی طرف سے فوری اور مشترکہ اقدام کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ علی باقری نے کہا کہ انہوں نے اسلامی تعاون تنظیم کا غیر معمولی اجلاس طلب کیا اور اس تجویز کا خیر مقدم کیا گیا۔ علی باقری نے قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور کہا کہ اسرائیل کو غزہ میں جرائم کی قیمت ادا کرنا پڑے گی۔


































