
واشنگٹن : امریکی سی آئی اے کی خفیہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران بحری ناکہ بندی کو تین سے چار ماہ تک برداشت کر سکتا ہے۔ اس کے بعد ہی اسے شدید معاشی دباؤ کا سامنا کرنا پڑے گا۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہےکہ امریکا اور ٹرمپ انتظامیہ کی امید تھی کہ ایران تیل برآمد نہ کرسکنے کے باعث ذخیرہ کرنے کی گنجائش کھو دے گا اور اسے تیل کی پیداوار روکنا پڑے گی، جس سے تیل کے کنووں کو طویل المدتی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ تاہم سی آئی اے کے جائزے کے مطابق ایران پر واقعی سخت معاشی اثرات مرتب کرنے کے لیے ناکہ بندی کو کم از کم نوے سے ایک سو بیس دن یا اس سے بھی زیادہ عرصے تک برقرار رکھنا ہوگا۔ رپورٹ میں یہ انکشاف بھی کیا گیاہےکہ ایران اب بھی اپنی بڑی فوجی اور میزائل صلاحیت برقرار رکھے ہوئے ہے۔ پچہتر فیصد میزائل لانچرز اور ستر فیصد میزائل اب بھی محفوظ ہیں۔ زیرزمین ذخیرہ گاہوں میں سے تقریباً تمام تنصیبات دوبارہ کھول لی ہیں۔ اخبار کے مطابق یہ رپورٹ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جنگ کے جلد خاتمے سے متعلق پرامید بیانات پر سوالات اٹھا رہی ہے۔


































