
گیمبیا : ایران اور سعودی عرب نے غزہ میں جنگ بندی کی کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ گمیبیا میں او آئی سی سربراہی اجلاس کے موقع پر ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اپنے سعودی ہم منصب فیصل بن فرحان سے ملاقات کی۔ جس میں دونوں وزرائے خارجہ نے خطے بالخصوص غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ادھر او آئی سی اجلاس سے خطاب میں سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے غزہ میں فوری اور دیرپا جنگ بندی، محفوظ انسانی راہداریوں اور فلسطینوں کے جائز حقوق بشمول حق خودارادیت اور ایک آزاد ریاست کے قیام کے مطالبے کا اعادہ کیا ہے۔ جبکہ ایرانی وزیرخارجہ حسین امیرعبداللہیان نے مسلم ممالک پر اسرائیلی حکومت سے تمام تعلقات منقطع کرنے پر زوردیا، تاکہ غزہ پر جاری نسل کشی کی جنگ کو ختم کرنے کے لیے تل ابیب پر دباؤ ڈالا جاسکے۔


































