
واشنگٹن: امریکا میں طلباء تحریک میں مزید شدت آگئی ہے۔ طلبا نے نیو میکسیکو سٹی یونیورسٹی میں بھی احتجاجی کیمپ لگادئے ہیں۔ میکسیکو سٹی میں درجنوں فلسطینی حامی طلباء اور کارکنوں نے نیشنل خودمختار یونیورسٹی کے سامنے خیمے لگائے ہیں۔ طلباء نے احتجاجی کیمپ میں فلسطینی جھنڈے لگائے اور آزاد فلسطین زندہ باد اور دریا سے سمندر تک، فلسطین کی فتح ہو گی کے نعرے لگائے۔ مظاہرین غزہ کے حوالے سے امریکی مؤقف تبدیل کرنے اور غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی روکنے پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔
ادھر یونیورسٹی آف پنسلوانیا نے امریکی پولیس سے کیمپس خالی کرانے کیلئے مدد مانگ لی ہے۔ حالیہ ہفتوں میں تیس سے زائد امریکی یونیورسٹیوں میں اسرائیل مخالف اور فلسطینی حامی مظاہروں کا انعقاد کیا گیا ہے۔ جبکہ پولیس کریک ڈاؤن میں گرفتار طلبا کی تعداد اکیس سو سے زائد ہوگئی ہے۔


































