
تہران: بھارت نے 10 سال کےلیے ایران کی چابہار بندر گاہ کا انتظام سنبھال لیا۔ بھارت، ایران کے درمیان چابہار بندر گاہ کی تعمیر اور اتنظامی امور کے 10 سالہ معاہدے پر دستخط ہوگئے۔ دونوں ممالک کے درمیان معاہدے پر ایران کے دارالحکومت تہران میں دستخط ہوئے۔ بھارت چابہار منصوبے کےلیے 73 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ بھارت چابہار بندرگاہ کے ذریعے وسط ایشیائی خطے تک کراچی، گوادر بندرگاہوں سے گزرے بغیر جاسکتا ہے۔ ایرانی وزیر برائے شہری ترقی مہرداد بذرپاش نے ایک بھارتی کمپنی کے ساتھ چابہار بندرگاہ پر کنٹینر ٹرمینل اور جنرل کارگو بارجز کے معاہدے پر دستخط کی تقریب کے دوران بتایا کہ ایران اور بھارت کی مشترکہ شپنگ کمپنی جلد شروع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ریل، سڑک اور سمندری انفراسٹرکچر کی ترقی کے لئے باقاعدہ منصوبہ بندی کر رہے ہیں اور ایران میں مختلف شعبوں میں ٹرانزٹ کی ترقی کا عمل جاری ہے۔


































