
بونیر: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت اور اسرائیل چاہتے ہیں پاکستان کمزور ہو اور ٹوٹے۔ عمران خان نے بونیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب ہماری حکومت گرائی گئی تو بھارت میں ایسے خوشیاں منائی گئیں جیسے شہباز شریف نہیں شہباز سنگھ آیا ہو، شریف خاندان کے بھارت کی بزنس کمیونٹی سے گہرے تعلقات ہیں اس کے باوجود کہ مودی نے کشمیریوں پر ظلم کیا اور نواز شریف نے اسے شادی پر بلایا۔ عمران خان نے کہا کہ زرداری اور شریف کے ادوار میں 400 ڈرون حملے ہوئے لیکن ایک بار بھی ان کے منہ سے نہیں نکلا یہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ کیونکہ ان کا پیسہ باہر ہے اگر میرا پیسہ باہر ہوتا تو کبھی ان کے سامنے ایبسلوٹلی ناٹ نہیں کہہ سکتا تھا۔ امریکی جنگ میں شرکت کر کے ہم نے اپنا نقصان اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے کبھی نریندر مودی کے خلاف بات نہیں کی جبکہ آصف علی زرداری اس ملک کی بہت بڑی بیماری ہیں انہیں پیسے کی بیماری ہے، پیسے دیکھ کر ان کی کانپیں ٹانگ جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیا سزا یافتہ مفرور نواز شریف فیصلہ کرے گا کہ میں غدار ہوں، پاکستان کے 2 خاندانوں نے 30 سال حکومت کی اور ملک کو مقروض کیا۔ قوم جاگ گئی ہے، چوروں اور غداروں کو پہچان چکی ہے اور یہ کسی طریقے سے عمران خان کو راستے سے ہٹانا چاہتے ہیں۔


































