
نئی دہلی : مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سال 2022ء کے دوران خاتون اور 5 کمسن بچوں سمیت 214 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کر دیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی افواج نے 57 افراد جعلی مقابلوں اور حراست میں قتل کیا جبکہ حریت رہنما الطاف احمد شاہ بھی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں دورانِ حراست انتقال کر گئے جبکہ انکی نمازِ جنازہ پڑھنے تک کی اجازت نہ دی گئی۔ فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں ہلاکتوں کے نتیجے میں 13 خواتین بیوہ اور 35 بچے یتیم ہوئے جبکہ 10 خواتین کی عصمت دری کی گئی۔ بھارتی فورسز نے 44 رہائشی مکانات بھی تباہ کر دیے. بھارت میں فاشسٹ مودی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد سے اب تک 730 سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا جا چکا ہے جبکہ گزشتہ 34 سالوں کے دوران 96 ہزار 163 کشمیری جہانِ فانی سے کُوچ کر گئے۔


































