
اسٹاک ہوم : یورپی ملک سوئیڈن میں قرآن جلانے کے اعلان پر ہنگامے پھوٹ پڑے۔ مسلمانوں اور انتہا پسندوں کے درمیان جھڑپوں میں کئی افراد زخمی ہوگئے جس میں 19 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ ہنگاموں کا آغاز جمعہ کی شام اس وقت ہوا جب وسطی سویڈن کے علاقے اوریبرو میں انتہائی دائیں بازو کے گروپ کے قرآن پاک جلانے کے ارادے کے خلاف مسلمانوں نے مظاہرہ کیا۔اس موقع پر پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں ہوئیں۔جس میں 12 پولیس اہلکار زخمی ہوئے اور پولیس کی چار گاڑیوں کو آگ لگا دی۔ احتجاج کا سلسلہ دوسرے دن بھی جاری رہا۔ جنوبی سویڈن میں پولیس ترجمان نے کہا تھا کہ پولیس پارٹی اسٹریم کرس کے زیر اہتمام مظاہرے کی اجازت منسوخ نہیں کرے گی کیونکہ سویڈن میں ایسا کرنے کے لیے آزادی ہے۔ پولیس کے بیان پر دوبارہ کشیدگی پھیل گئی اور نوجوانوں نے پولیس پر پتھر پھینکے، کاروں، ٹائروں اور کوڑے دان کو آگ لگا دی۔ جھڑپوں میں 7 مزید اہلکار زخمی ہوئے۔ جبکہ احتجاج کا سلسلہ کئی شہروں تک پھیل گیا۔


































