
بیروت : حزب اللہ کی مرکزی کونسل کے رکن حجتہ الاسلام والمسلمین شیخ نبیل قاووق نے کہا کہ بحرین کا مسئلہ ایسی مظلوم اور دکھی قوم کی داستان پر مشتمل ہے جسے کچلا جا رہا ہے اور امتیازی رویے کا شکار بنایا گیا ہے۔ایک تقریب سے خطاب میں شیخ نبیل قاووق نے کہا کہ قوم کو دیوار سے لگایا گیا ہے اور اس کے حقیقی فرزندوں کی شہریت منسوخ کی جا رہی ہے۔ آل خلیفہ حکومت نے دشمن کے مقابلے میں گھٹنے ٹیکنے اور اس ملک کے حقیقی فرزندوں کے خلاف شدت پسندی اور سخت گیری پر مبنی پالیسی اختیار کر رکھی ہے۔ لبنان کے حالات سے متعلق انہوں نے کہا کہ لبنان کے بعض حکومتی عہدیدار سعودی حکمرانوں کو راضی کرنے کی خاطر اپنی حیثیت اور قومی وقار کو بھی داؤ پر لگا رہے ہیں جبکہ ہم کسی کو راضی کرنے کے درپے نہیں ہیں۔


































