
تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی سیلاب زدگان کے لیے ٹیلی تھون مہم میں ڈھائی گھنٹوں کے دوران ساڑھے 5 ارب روپے سے زائد کی رقم جمع ہوگئی۔ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی ٹیلی تھون مہم میں سیاست دان، فنکاروں اور معروف شخصیات نے شرکت کی جن میں وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی، سابق کرکٹر انضمام الحق، اداکارہ عتیقہ اوڈھو، حمزہ علی عباسی، جاوید شیخ، شان شاہد، رائٹر خلیل الرحمان قمر، سلمان احمد، ابرار الحق ودیگر شامل تھے۔ عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک میں بہت بڑا امتحان ہے سیلاب کی وجہ سے پورا ملک متاثر ہے اسی لیے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پورا ملک مل کراس امتحان کاسامنا کرے۔
عمران خان نے کہا کہ ہمیں بحیثیت قوم اپنے سیلاب متاثرین کی مدد کرنی ہے ہمارے نوجوان رضاکار فورس میں شامل ہوں اور متاثرین کی مدد کریں۔ انہوں نے بتایا کہ ہم ایک کنٹرول روم بنا رہے ہیں جس کے ذریعے رضاکاروں کو گائیڈ کریں گے اور ڈائریکشن دیں گے تاکہ رضاکار متاثرہ لوگوں تک پہنچیں۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جانی نقصان کی اطلاعات ہیں کہ ایک ہزار سے زائد اموات ہوئیں جبکہ سیلاب سے مالی طور پر تخمینہ لگایا گیا ہے کہ ایک ہزار ارب سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔


































