
اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت اسلام آباد نے خاتون جج دھمکی کیس میں عمران خان کے ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردئے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے خاتون جج دھمکی کیس میں حاضری سے آج استثناء کی درخواست پر سماعت کی، جس میں عمران خان کے وکلا نے قابل ضمانت وارنٹ بحال رکھنے کی استدعا کردی۔وکیل نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے، سیکیورٹی واپس لینے پر ہائیکورٹ نے بھی نوٹس جاری کیے۔ پراسیکیوٹر راجا رضوان عباسی نے عدالت میں عمران خان کی آج حاضری سے استثناء کی دائر درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے دلائل دیے کہ عمران خان غیرحاضر ہیں، قابل ضمانت کو ناقابلِ ضمانت وارنٹ میں تبدیل کیاجائے۔ وزیرآباد کا بہانہ سن سن کر کان پک گئے ہیں۔ گزشتہ سماعت پر جج نے کہا بہت بار استثناء دیا جا چکا، جس کے بعد ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔ دوران سماعت پراسیکیوٹر نے حاضری سے استثناء کی درخواست خارج کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں۔


































