
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے حکومت قربان کردی لیکن امریکی غلامی قبول نہیں کی وہ جلد دو تہائی اکثریت سے دوبارہ وزیراعظم بنیں گے۔ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد ایوان میں الوداعی خطاب کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ روس صرف بہانہ ہے، عمران خان نشانہ ہے، اپوزیشن کے ساتھ کچھ ایسے لوگ ہیں جو غیر ملکی عناصر کے ساتھ ملے ہوئے ہیں۔ عمران خان کا گناہ یہ ہے کہ انہوں نے آزاد خارجہ پالیسی کی بات کی، وقت ثابت کرے گا کہ کون اصلی شیر ہے کیونکہ عمران خان دو تہائی اکثریت سے جلد دوبارہ وزیراعظم آئیں گے اور پھر قوم کا سر فخر سے بلند کریں گے۔ علی محمد خان کا کہنا تھا کہ مولانا جس عمران خان کو امریکی ایجنٹ کہتے تھے وہ کیسا ایجنٹ تھا جسے ہٹانے کیلئے امریکا نے پورا زور لگایا، کسی کے ہنسنے سے میرے حوصلے کم نہیں ہوں گے۔ آج میری پارلیمانی امور کی ڈیوٹی تمام ہوئی، مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ عمران خان نے حکومت قربان کی لیکن غلامی قبول نہیں کی۔


































