
لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے خود پر حملے کا ذمہ دار وزیراعظم شہباز شریف، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ اور ایک میجر جنرل کو قرار دیا ہے۔ پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل اسد عمر نے عمران خان سے ملاقات کے بعد کہا کہ شہباز شریف، رانا ثنا اللہ اور فوجی افسر کو ایف آئی آر میں نامزد کیا جائے گا۔ انہوں نے تینوں افراد کو عہدوں سے ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ اگر نہ ہٹایا گیا تو ملک گیر احتجاج ہوگا۔ انہوں نے ایسا نہیں ہو سکتا کہ پاکستان اسی طرح انہی حالات کے ساتھ چلتا رہے جب تک ان تینوں لوگوں کو نہیں ہٹایا جاتا۔ تحریک انصاف نے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ جاری رکھنے کا بھی اعلان کیا۔ سینئیر نائب صدر فواد چوہدری نے کہاکہ عمران خان لانگ مارچ میں خود شریک نہیں ہوں گے لیکن مارچ اسلام آباد کی طرف جاری رہے گا۔ جب تک عام انتخابات کا اعلان نہیں کیا جاتا عوام کے حقوق کی یہ تحریک جاری رہے گی۔ دوسری جانب وفاقی حکومت نے پنجاب حکومت کو پولیس اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں پر مشتمل مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دینے کیلئے مراسلہ لکھ دیا۔ مراسلے میں جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم میں سینئیر پولیس افسران اور خفیہ اداروں کے نمائندوں شامل کرنے کا کہا گیا ہے۔ وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے ملزم کی ویڈیو بیان لیک کرنےکا نوٹس لے لیا اور متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او سمیت سارے عملے کو معطل کر دیا۔


































