
جدہ : سعودی عرب نے بغیر پرمٹ حج کرنے والوں کے لیے قید، جرمانے اور حج سے محرومی کی سخت سزائیں مقرر کردیں۔ وزارت داخلہ نے حج انتظامات مؤثر بنانے، حج مقامات کا ماحول عبادت کے لیے ساز گار رکھنے، بدنظمی روکنے کے لیے مقررہ قوانین و ضوابط کی خلاف ورزیوں اور ان پر سزاؤں کا چارٹ جاری کردیا ہے۔ بیان کے مطابق جو سعودی یا خلیجی شہری اجازت نامے کے بغیر منیٰ، مزدلفہ اور عرفات جائے گا اس پر 15 ہزار ریال جرمانہ ہوگا اور ریکارڈ میں لکھ دیا جائے گا کہ اس نے رواں سال حج کرلیا ہے اور دوبارہ خلاف ورزی پر آئندہ حج موسم میں سزا دگنی کردی جائے گی۔ جو سعودی یا خلیجی حج اجازت نامے کے بغیر مکہ مکرمہ کے اطراف اس کی اندرونی بیلٹ منیٰ، مزدلفہ و عرفات کے اطراف اور الرصیفہ میں حرمین شریفین ٹرین اسٹیشن پر پکڑا جائے گا اس پر10ہزار ریال جرمانہ ہوگا- خلاف ورزی دہرانے پر سزا دگنی ہوگی- حج مقامات سے باہر پکڑے جانے والے کو حج کا موقع نہیں دیا جائے گا۔سزاؤں کا عمل درآمد ہر سال28 ذیقعدہ سے ہوگا۔ کوئی ایک خلاف ورزی تیسری بار دہرانے پر سعودی اور خلیجی شہری پر جرمانہ ہوگا- اسے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے بھی کیا جائے گا تاکہ وہ اس کے خلاف قید کی سزا کا فیصلہ کرسکے- قید کم از کم ایک ماہ اور زیادہ سے زیادہ چھ ماہ کی ہوگی۔ حج اجازت نامے نہ رکھنے والے عازمین کو مقامات حج لے جانے والے پر 50 ہزار ریال تک کا جرمانہ ہوگا- جتنے افراد کو لے جائے گا اسی تناسب سے جرمانے ہوں گے یا چھ ماہ تک قید کی سزا ہوگی- دونوں سزائیں بھی دی جاسکتی ہیں- عازمین کو حج مقامات پر لے جانے والی گاڑی کو بھی ضبط کرلیا جائے گا۔غیرسعودی اور غیر خلیجی کو خلاف ورزی کا مرتکب ہونے پر بے دخل کردیا جائے گا- مملکت میں داخل ہونے سے روک دیا جائے گا۔ ہر سال 25 شوال سے غیرملکیوں اور مملکت میں مقیم تارکین کو مکہ مکرمہ جانے سے روک دیا جائے گا۔ اس سے وہ مقیم تارکین وطن مستثنیٰ ہوں گے جو مکہ شہر میں سکونت پذیر ہوں اسی طرح سے وہ غیرملکی بھی مستثنی ہوں گے جو حج موسم میں وہاں کسی ذمہ داری پر مامور ہوں گے بشرطیکہ ان کے پاس محکمہ پاسپورٹ سے اس کا پرمٹ موجود ہو-


































