
نیویارک: اقوامِ متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل نے الحدیدہ بندرگاہ اور صنعا کے ایئرپورٹ پر حملے جاری رکھے اور انہیں غیرفعال رکھا تو یمن میں انسانی بحران مزید سنگین ہونے کا خطرہ ہے۔ یمن میں اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر جولین ہارنیس نے کہا کہ یمن میں زندہ رہنے کے لیے امداد کے مستحق افراد کی تعداد آنے والے سال میں ایک کروڑ 90 لاکھ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ یمن غذائی قلّت کے شکار بچوں کی سب سے زیادہ تعداد کے حامل ممالک میں دوسرے نمبر پر ہے جبکہ غذائی عدم تحفظ کے حوالے سے تیسرے نمبر پر ہے۔ انہوں نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ اقوام متحدہ کے اقدامات میں سے ایک یہ یقینی بنانا ہے کہ بندرگاہ کو بین الاقوامی قانون کے مطابق مکمل طور پر شہری مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے۔


































