
عمان : اردن کے شاہ عبداللہ کا کہنا ہے کہ اگر ڈونلڈ ٹرمپ کے جنگ بندی منصوبے کے تحت ملکوں سے طاقت کے بل پر غزہ میں امن قائم کرنے کا کہا گیا تو وہ منع کر دیں گے۔ بی بی سی کو انٹرویو میں شاہ عبداللہ نے کہا کہ اردن اور مصر فلسطینی سیکورٹی فورسز کی تربیت کے لیے تیار ہیں مگر اس عمل میں وقت لگے گا، اور غزہ میں ہتھیاروں کے ساتھ گشت کرنا کسی ملک کے لیے ممکن نہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ سکیورٹی فورس غزہ میں کیا کرے گی؟۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ اس سکیورٹی فورس کا کام صرف امن و امان قائم رکھنے میں مدد فراہم کرنا ہوگا۔ کیونکہ اگر انھیں طاقت کے بل پر امن قائم کرنے کو کہا جائے گا تو کوئی بھی اس میں ہاتھ ڈالنا نہیں چاہے گا۔۔شاہ عبداللہ نے مزید کہا کہ قطر اور مصرکو امید ہے کہ حماس اپنے سیاسی کردار سے الگ ہونے کے وعدے پر قائم رہے گی۔ تاہم اصل حل اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان مستقبل کا تعلق اور علاقائی امن کی ضمانت تلاش کرنا ہے، ورنہ خطے کا مستقبل خطرے میں ہے۔


































