
کابل : افغان وزیرِ خارجہ امیر خان متقی نے پکتیکا میں حالیہ بمباری کے بعد پاکستانی حکومت پر زور دیا ہے کہ طالبان حکومت کو کمزور نہ سمجھا جائے۔ امیر خان متقی نے ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ اگر پاکستان افغانستان کو کمتر سمجھتا ہے تو تاریخ سے سبق سیکھتے ہوئے سوویت یونین، امریکہ اور نیٹو کے حال پر نظر ڈالے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوئی بہادری کا عمل نہیں ہے جس میں بچوں، خواتین اور بوڑھوں کو نشانہ بنایا جائے۔
اس سے پہلے طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نےالزام لگایا تھا کہ پاکستان کے حملے میں 46 افراد ہلاک ہوئے جس میں بچے اور خواتین بھی شامل تھیں۔
ادھر پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ دلی خواہش ہے کہ افغانستان سے تعلقات بہتر ہوں اور معاشی میدان میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں۔ لیکن بدقسمتی ہے کہ وہاں سے تحریک طالبان معصوم لوگوں کو نشانہ بنا رہی ہے اور یہ حکمتِ عملی نہیں چل سکتی ہے۔


































