
نئی دہلی : ہندوستانی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے شنگھائی تعاون تنظیم ایس سی او اجلاس کے موقع پر پاک انڈیا تعلقات پر بات چیت کا امکان مسترد کردیا۔ میڈیا سے گفتگو میں وزیرخارجہ نے کہا کہ وہ مانتے ہیں کہ ان کے دورہ پاکستان کو میڈیا میں زیادہ اہمیت دونوں ممالک کے تعلقات کی نوعیت کی وجہ سے مل رہی ہے۔ لیکن میں کہنا چاہتا ہوں کہ ایس سی او کثیرالجہتی اجلاس ہوگا، میں وہاں ہند پاک تعلقات پر بات چیت کرنے نہیں جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ میں ایس سی او کا ایک اچھا رکن بننے جا رہا ہوں، میں ایک شائستہ اور مہذب فرد ہوں اس لیے ویسا ہی برتاؤ کروں گا۔ خیال رہے کہ ہندوستانی وزارت خارجہ نے گذشتہ روز پاکستان میں ہونے والے ایس سی او اجلاس میں جے شنکر کی شرکت کی تصدیق کی تھی۔ یہ اجلاس پندرہ اور سولہ اکتوبر کو اسلام آباد میں ہورہاہے۔


































