
مقبوضہ بیت المقدس: انتہا پسند صیہونی وزیر اتماربن گوئر کی قیادت میں سینکڑوں آباد کاروں نے ایک بار پھر مسجد اقصیٰ پر دھاوا بول دیا۔ صیہونی پولیس کی حفاظت میں دو ہزار سے زیادہ انتہا پسند آباد کار مسلمانوں کے تیسرے مقدس ترین مقام مسجد اقصیٰ میں گھس گئے۔ آبادکاروں نے مسجد کے احاطے کا اشتعال انگیز دورہ کیا اور یہودیوں نے ہیکل کی تباہی کی سالگرہ کے حوالے سے اپنی عبادات انجام دیں۔ اس موقع پر اسرائیلی پولیس نے مسجد اقصیٰ میں فلسطینی نمازیوں کے داخلے پر پابندیاں لگادیں۔ محکمہ اسلامی اوقاف کے عہدیدار نے بتایا کہ دھاوا بولنے والے انتہا پسند اشتعال انگیز سرگرمیاں انجام دیتے رہے۔ عبرانی کیلنڈر کے تحت "ہیکل کی تباہی کی یاد نو اگست کو منائی جاتی ہے۔ اس دن یہودی ہیکل سلیمانی کی تباہی کا سوگ مناتے ہیں۔ ایکس پر جاری ایک ویڈیو کلپ میں بن گویر فتح کا وعدہ کر رہے ہیں۔ بن گویر نے کہا ہمیں یہ جنگ جیتنی چاہیے۔ ہمیں فتح حاصل کرنی چاہیے اور دوحہ یا قاہرہ میں 15 اگست کو ہونے والی بات چیت میں نہیں جانا چاہیے۔


































