
ابوظہبی :حوثیوں نے ابوظہبی میں امریکی فوجی اڈے کو میزائلوں سے نشانہ بنایا متحدہ عرب امارات اور امریکی حکام نے تصدیق کی ہے کہ میزائل حملہ ابو ظہبی میں واقع ’الظفرہ‘ فوجی اڈے پر کیا گیا تھا جہاں تقریباً دو ہزار امریکی اہلکار تعینات ہیں اور اس حملے کو روکنے کے لیے اماراتی افواج کی کارروائی کے علاوہ امریکی ساختہ پیٹریاٹ میزائل بھی استعمال کیے گئے۔یو ایس سینٹرل کمانڈ کے مرکزی ترجمان کیپٹن بل اربن نے اس بارے میں کہا کہ الظفرہ فوجی اڈے پر داغے گئے دو میزائلوں کے جواب میں امریکی افواج نے متعدد پیٹریاٹ میزائل چلائے اور اس کے ساتھ ساتھ متحدہ عرب امارات کی افواج نے بھی اپنی کارروائی کی امریکی اور اماراتی حکام کے مطابق حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ متحدہ عرب امارات پر میزائل داغنے کا واقعہ پیر کی صبح پیش آیا تھا جس کے بعد اماراتی وزارتِ دفاع نے پہلے ایک بیان میں داغے گئے میزائلوں کو تباہ کرنے کا دعوی کیا اور پھر ٹوئٹر پر پیغام میں یہ دعویٰ بھی کیا کہ یمن کے الجواف نامی صوبے میں نصب بیلسٹک میزائل لانچر کو حملے کے فوراً بعد کارروائی کرتے ہوئے تباہ کر دیا گیا کارروائی میں ایک ایف سولہ جنگی طیارے نے حصہ لیا۔ وزارت کی جانب سے اس حملے کی فوٹیج بھی جاری کی گئی ہے۔


































