
بیروت : حزب اللہ نے اسرائیلی حملے میں دس اموات کے بعد صیہونی ریاست پر راکٹوں اور ٖڈرونز کی بارش کردی۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق حزب اللہ نے پچپن میزائل بالائی الجلیل کے ان قصبوں کی طرف داغے ہیں جن کو ابھی تک خالی نہیں کیا گیا تھا۔ بیشتر میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کردیا گیا۔ راکٹوں سے بالائی گلیلی میں دس مقامات پر آگ بھڑک اٹھی۔ اسرائیل حکام نے بالائی الجلیل کے رہائشیوں کو پناہ گاہوں کے قریب رہنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ حزب اللہ نے 188 بٹالین پر بھی کئی ڈرونز سے حملہ کیا۔ اسرائیلی میڈیا نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملے میں جانی نقصان ہوا ہے۔ اس سے پہلے صیہونی فوج نے جنوبی لبنان میں النابطیہ شہر کے شمال مغرب میں وادی کفور میں رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا۔ ڈرون سے داغے گئے میزائل سے حملے میں ایک خاتون اور اس کے دو بچوں سمیت دس افراد شہید اور پانچ زخمی ہوئے، جن میں دو کی حالت تشویشناک ہے۔


































