
اسلام آباد : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ امریکی ڈپلومیٹس بغیر کسی روک ٹوک کے ملک بھر میں غیر سفارتی نقل حرکت اور مختلف سیاسی مذہبی شخصیات سے ملاقاتیں کررہے ہیں اور ایسےمیں اعلیٰ عدالتوں کی جانب سے امریکی مداخلت پر خاموشی، ہر خوددار اور محب وطن پاکستانی کے لئے سوالیہ نشان ہے۔ سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں اعلیٰ عدالتوں اور مقتدر قوتوں سے سوال کیا کہ پشاور میں ہمارے 70 سے زائد شہداء پر آپ نے سوموٹو ایکشن کیوں نہیں لیا؟ اے پی ایس کے ماسٹر مائینڈ احسان اللہ احسان کے فرار پر سوموٹو ایکشن لے کر تحقیقات کیوں نہیں کی گئیں ؟ امریکی ڈپلومیٹس کی ملکی سیاست میں مداخلت پر سوموٹو ایکشن کیوں نہیں لیا گیا ؟ماڈل ٹاون کے دل خراش سانحے پر اب تک مقتولین کے خانوادوں کو انصاف فراہم کیوں نہیں کیا گیا؟لہذا ملک میں آئین کی بحالی ، مظلوم کی دادرسی اور ملکی استقلال اور خود مختاری ہر چیز سے زیادہ اہم ہونی چاہئیے۔


































