
بیروت : لبنان پر صیہونی فوج کے حملوں کے بعد حزب اللّٰہ نے اسرائیل پر راکٹوں اور ڈرونز کی بارش کردی۔ حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اسرائیل کے گیارہ فوجی اڈوں اور بیرکس پر تین سو بیس راکٹ اور ڈرونز فائر کئے۔ جن میں میرون بیس اور مقبوضہ گولان کی پہاڑیوں میں چار مقامات بھی شامل ہیں۔ حملوں کے بعد اسرائیلی وزیر دفاع نے اڑتالیس گھنٹوں کے لیے ایمرجنسی نافذ کردی۔ شہری اجتماعات اور ساحلوں پر جانے پر پابندی لگادی گئی جبکہ تل ابیب ایئر پورٹ پر پروازوں کی آمدورفت بھی روک دی گئی۔ جسے حزب اللہ کے حملے روکنے کے اعلان کے بعد بحال کردیا گیا۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان ریئر ایڈمرل ڈینیل ہیگری نے کہا ہے کہ حزب اللہ کے حملوں کی منصوبہ بندی کی اطلاعات پر اسرائیل نے اپنے دفاع میں پیشگی حملے کئے۔ ہیگری نے کہا ہے کہ ہم دیکھ سکتے ہیں کہ حزب اللہ لبنانی شہریوں کو خطرے میں ڈالتے ہوئے اسرائیل پر بڑے حملے کی تیاری کر رہی ہے۔ اسرائیلی فوج نے لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کے قریب رہائش پذیر افراد سے فوری طور پر نکل جانے کا کہا ہے۔


































