
بیروت : حزب اللہ نے پہلی بار اپنے زیر زمین میزائل سٹی کی رونمائی کردی۔ پہاڑوں کے نیچے میلوں دور تک پھیلے اس میزائل بیس میں عماد 4 نامی شارٹ رینج بلیسٹک میزائل بھی موجود ہیں۔ یہ میزائل شام کے ایم 302 میزائل کی نقل ہے۔ جبکہ ایران میں اسے خیبر 1 کہا جاتا ہے۔ یہ میزائل 180 کلومیٹر فاصلے تک 150 کلو گرام وارہیڈ کے ساتھ 100 میٹر دائرے میں علاقے کو مکمل تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
لبنان کے المیادین ٹیلی ویژن نیٹ ورک کے مطابق اس کو ایک محفوظ مواصلاتی نیٹ ورک سے بھی منسلک کیا گیا ہے جو اسے بیرونی دنیا سے جوڑتا ہے۔ نیٹ ورک کا استعمال کرتے ہوئے، یہ لانچ کے آرڈر منٹوں میں وصول کر سکتے ہیں۔ ویڈیو میں میزائل لے جانے والی 14 ہیوی گاڑیوں کو بھی دکھایا گیا۔ ہر گاڑی پر 6 میزائل نصب ہوتے ہیں۔ المیادین ٹی وی چینل نے بتایا ہے کہ یہ تنصیبات نہ صرف خفیہ طور پر بنائی گئی ہیں بلکہ دشمن کے حملوں کے خلاف کافی تباہ کن طاقت بھی رکھتی ہیں۔
حزب اللہ نے ویڈیو کا ٹائٹل: ” پہاڑ ہمارے گودام ہیں ” رکھا ہے۔ ویڈیو کے بیک گراؤنڈ میں سید حسن نصر اللہ کی تقریر نشر ہے جس میں شمالی اسرائیل کے قریات شمونا سے ایلات پورٹ تک حملوں کو نشانہ بنانے کا کہا گیاہے۔
حزب اللہ نے ہلکی جھلک دنیا پر آشکار کردی مزید ائیر ڈیفنس سسٹم ، تارپیڈوز اور اینٹی ائیر کرافٹ کیرئر میزائل ظاہر ہونا باقی ہیں۔


































