31 May 2019, Lebanon, Beirut: Pro-Iranian Hezbollah fighter take part in a parade to mark the annual al-Quds Day (Jerusalem Day) on the last Friday of the Muslim holy month of Ramadan. Photo: Marwan Naamani/dpa (Photo by Marwan Naamani/picture alliance via Getty Images)
تحریر: رامین حسین آبادیان
حال ہی میں پانچ محرم الحرام کی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے اعلان کیا ہے کہ یہ اسلامی مزاحمتی تنظیم اس وقت لبنان کا سب سے زیادہ طاقتور گروہ جانا جاتا ہے اور کوئی اس حقیقت کا انکار نہیں کر سکتا۔ سید حسن نصراللہ نے سیاسی، سماجی اور سکیورٹی تبدیلیوں میں حزب اللہ لبنان اور دیگر جماعتوں کا کردار بھی واضح کیا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ اس وقت ایسے ٹھوس شواہد موجود ہیں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ حزب اللہ لبنان نہ صرف ملکی بلکہ علاقائی سطح پر بھی ایک طاقتور اور اثرورسوخ کا مالک مزاحمتی گروہ بن چکا ہے۔ مثال کے طور پر اس وقت حزب اللہ لبنان ملک کے سیاسی ڈھانچے کا اٹوٹ انگ سمجھا جاتا ہے جس کے بغیر ملکی سطح کے اہم سیاسی امور آگے بڑھنا ناممکن ہیں۔
لبنان کی پارلیمنٹ میں حزب اللہ لبنان کے اراکین پوری قوت سے اپنا کردار ادا کرنے میں مصروف ہیں جبکہ کابینہ میں بھی اسے چند اہم وزارت خانے سونپے گئے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ حزب اللہ لبنان فوجی طاقت اور سازوسامان سے برخوردار ہونے کے ساتھ ساتھ سیاسی میدان میں بھی اہم اور موثر کردار ادا کرنے میں مصروف ہے اور اس کا شمار لبنان کی بڑی سیاسی جماعتوں میں ہوتا ہے۔ لبنان کے اندر حزب اللہ کی سیاسی طاقت اس حد تک ہے کہ اب تک اپنی تمام تر کوششوں کے باوجود امریکہ اور اسرائیل کی غاصب صہیونی رژیم سمیت کوئی بھی بیرونی طاقت اس تنظیم کو ملک کے سیاسی میدان اور سیٹ اپ سے نکال باہر کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ دوسری طرف روز بروز حزب اللہ لبنان کے سیاسی اثرورسوخ میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
حزب اللہ لبنان کی بڑھتی طاقت اور اثرورسوخ کا ایک اور ثبوت ملک کے سیاسی میدان میں ثالثی کا کردار ادا کرنے کی صلاحیت ہے۔ گذشتہ کئی سالوں سے لبنان شدید سیاسی بحران کا شکار ہے اور کابینہ کی تشکیل ایک چیلنج بن چکا ہے۔ ایسی صورتحال میں حزب اللہ لبنان نے کابینہ میں اپنا حصہ حاصل کرنے پر اصرار کرنے کی بجائے ہمیشہ ثالثی کا راستہ اختیار کیا ہے اور اس کا اصلی مقصد ملک میں سیاسی استحکام اور امن و امان پیدا کرنا رہا ہے۔ مثال کے طور پر کچھ عرصہ قبل لبنانی صدر مائیکل عون اور سابق وزیراعظم سعد حریری کے درمیان شدید اختلافات پیدا ہوئے تھے۔ حزب اللہ لبنان اگرچہ سعد حریری کے نظریات کی شدید مخالف تھی لیکن اس کے باوجود اس نے ثالثی کا راستہ اختیار کیا اور قومی مفادات کو گروہی مفادات پر ترجیح دی۔
حزب اللہ لبنان کی طاقت اور اثرورسوخ کا ایک اور واضح ثبوت ملک کے سکیورٹی، سیاسی اور سماجی امور میں موثر کردار ادا کرنا ہے۔ ابتدا سے لے کر اب تک حزب اللہ لبنان نے اپنی فوجی طاقت کو بیرونی جارحیت کے خلاف استعمال کیا ہے جبکہ اندرونی سطح پر ہمیشہ اس نے ملک کی مسلح افواج کا ساتھ دیا ہے۔ اسی طرح سماجی اور سیاسی میدان میں بھی کبھی ایسا نہیں ہوا کہ حزب اللہ لبنان کی عدم موجودگی کا احساس کیا گیا ہے بلکہ ہر اہم مسئلے میں حزب اللہ لبنان میدان میں موجود پائی گئی ہے۔ اکثر سیاسی ماہرین کی رائے میں حزب اللہ لبنان کی ثقافتی سرگرمیاں اس قدر زیادہ ہیں کہ ان سے چشم پوشی اختیار کرنا ممکن نہیں۔ معاشرے میں پیدا ہونے والے ہر بحران میں حزب اللہ لبنان موثر انداز میں مثبت کردار ادا کرتی دکھائی دی ہے۔
علاقائی سطح پر بھی حزب اللہ لبنان دن بدن پروان چڑھتی طاقت کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔ لبنان کو بیرونی دشمنوں سے درپیش خطرات کا مقابلہ کرنے میں حزب اللہ لبنان نے ہمیشہ ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ حزب اللہ لبنان نے ملک کی سالمیت، خودمختاری اور سلامتی کی حفاظت کی ضمانت فراہم کر رکھی ہے۔ گذشتہ چند ہفتوں کے دوران بعض سازشی اور فتنہ انگیز عناصر نے ملک کے اندر ایسے حالات پیدا کئے جن کا مقصد حزب اللہ لبنان کو خانہ جنگی میں الجھانا تھا۔ اسی مقصد کی خاطر صہیونی ایجنٹوں نے حزب اللہ لبنان کے ایک کمانڈر علی شبلی کی بیروت میں ٹارگٹ کلنگ بھی کی۔ اس اقدام کا اصل مقصد حزب اللہ لبنان کو ملک کے اندر فرقہ وارانہ جنگ میں الجھانا تھا لیکن حزب اللہ لبنان کے بابصیرت رہنما اس جال سے بچے رہے۔
حزب اللہ لبنان کی طاقت کا ایک اور ثبوت حال ہی میں جنوبی لبنان پر صہیونی رژیم کے جارحانہ اقدام کا منہ توڑ جواب دینا ہے۔ مقبوضہ فلسطین میں مسند اقتدار پر براجمان ہونے والے نئے صہیونی حکام اس غلط فہمی کا شکار تھے کہ شاید حزب اللہ لبنان ملک کے اندرونی مسائل میں بری طرح گھر چکی ہے لہذا اس وقت لبنان پر جارحیت کا اچھا موقع ہے۔ یہ سوچ کر انہوں نے جنوبی لبنان پر فضائی حملہ انجام دیا لیکن اگلے ہی دن حزب اللہ لبنان نے اس کا جواب راکٹ حملوں کی صورت دیا۔ حزب اللہ لبنان قومی تنازعات میں بھی انتہائی اہم اور موثر کردار ادا کرنے میں مصروف ہے جو اس کی روز بروز بڑھتی ہوئی طاقت اور اثرورسوخ کا ایک اور ثبوت ہے۔ حال ہی میں لبنان میں ایندھن کا شدید بحران پیدا ہوا جس کے حل کیلئے حزب اللہ لبنان نے ایران سے متعدد آئل ٹینکر منگوائے ہیں۔
































