
بیروت : حزب اللہ نے اسرائیلی فوج پر حملے تیز کردیئے ہیں۔ حملوں میں آئرن ڈوم سسٹم، فوجی بیرک اور دیگر تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے جس میں اسرائیلی فوج کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ اسرائیل نے ایک فوجی کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ حزب اللہ کے شمالی اسرائیل پر حملوں نے اسرائیلی فوج کو مشکلات کا شکار کردیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق سرحدی علاقوں سے مزید دس ہزار افراد کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل کردیا گیا ہے۔اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان پر شدید بمباری کی ہے اور کئی مقامات پر حزب اللہ کے اہلکاروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ حزب اللہ نے اسرائیل پر مزید جوابی حملے کیے ہیں حزب اللہ کے مطابق مقبوضہ لبنانی علاقوں سے اسرائیلی فوج کے انخلا اور غزہ میں جنگ بندی تک اسرائیلی فوج پر مزید حملے کیے جائیں گے اور مستقبل میں کیے جانے والے حملوں کی شدت ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتی جائے گی۔


































