
بیروت : حزب اللہ کے شدید حملوں نے صیہونی حکومت کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ لاکھوں افراد کو پناہ گاہوں میں چھپنے پر مجبور ہونا پڑا۔ حزب اللہ نے درجنوں میزائلوں کے ساتھ رافیل کمپنی کے ملٹری انڈسٹریل کمپلیکس کو نشانہ بنایا جسے شدید نقصان پہنچا۔ حیفا اور مضافاتی علاقوں میں حملے سے جگہ جگہ آگ بھڑک اٹھی اور درجنوں مکانات اور دوسری املاک کو نقصان پہنچا۔ حزب اللہ کی جانب سے شدید راکٹ حملوں کے بعد حیفا کی بندرگاہ کو بند کر دیا گیا ہے۔ شمالی اسرائیل اور حیفا میں تمام اسکول اور ساحلی مقامات کو بند کردیا گیا ہے جبکہ اسپتالوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مریضوں کو زیرزمین پناہ گاہوں میں منتقل کردیں جبکہ اجتماعات پر پابندی لگادی گئی ہے۔ حزب اللہ نے یہ بھی نشاندہی کی کہ ان حملوں کو پیجر اور واکی ٹاکی آپریشن کا ابتدائی ردعمل سمجھا جائے۔


































