
کوئٹہ : کابل میں امتحانی مرکز میں خودکش حملے کے خلاف علمدار روڈ کوئٹہ پر احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں علماء، علاقہ کے معتبر شخصیات اور خواتین سمیت بچوں نے شرکت کی۔ مظاہرین احتجاجی ریلی کی شکل میں علمدار روڈ پر واقعہ مسجد ولی عصر سے شہداء چوک تک آئے۔ احتجاج میں افغان طالبان کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے سانحہ کابل کی
مذمت کی گئی۔ مظاہرین نے شہداء کابل کی تصاویر اور پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے۔ ریلی سے علمائے دین نے خطاب کیا اور واقعہ کی شدید مذمت کی۔ مظاہرین نے کہا کہ کابل میں تعلیمی ادارے پر حملہ مستقبل پر حملہ ہے۔ انہوں نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اہل تشیع سے تعلق رکھنے والے ہزارہ شیعہ قوم کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔


































