
راولپنڈی :سابق وزیرِ اعظم عمران خان سے متعلق مذہبی منافرت پر مبنی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے پر نجی ٹی وی کے صحافی وقار ستی کے خلاف راولپنڈی میں توہینِ مذہب کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ وقار ستی نے سابق وزیرِ اعظم عمران خان سے منسوب مذہبی نوعیت کی ایسی باتوں پر مبنی ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کی جو کہ مبینہ طور پر عمران خان نے نہیں کیں۔ وقار ستّی کا کہنا ہے کہ اُنھوں نے کوئی توہین مذہب نہیں کی بلکہ اُنھوں نے عمران خان کی تقاریر کی مختلف کلپس نکال کر ایک ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی تھی۔ چند دن قبل جب ویڈیو پوسٹ کی گئی تھی تب سے ہی پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کی جانب سے ٹوئٹر انتظامیہ سے کہا جا رہا ہے کہ وہ وقار ستی کا اکاؤنٹ بند کر دیں۔ بعد میں وقار ستی نے خود بھی یہ ٹویٹ ڈیلیٹ کر دی تھی۔


































