
نیویارک: ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے عالمی برادری کے کردار پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری نہیں بھولے گی کہ حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل حسن نصراللہ کو شہید کرنے کے دہشت گردی کے اقدام کا حکم اسرائیل کو نیویارک سے جاری ہوا۔ ایرانی پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق صدر مسعود پزشکیان نے اسرائیل کے حملے میں سید حسن نصر اللہ کی شہادت کی تصدیق کے بعد جاری بیان میں کہا کہ امریکا صیہونی حکومت کے ساتھ ملی بھگت کر کے حزب اللہ کے سربراہ پر حملے سے خود کو بری الذمہ نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ لبنان کے دارالحکومت بیروت کے جنوبی علاقے داہیہ میں اسرائیل کا حملہ اور خاص طور پر حسن نصر اللہ سمیت مزاحمتی تحریک کے سرکردہ رہنماؤں کی شہادت مزاحمت کی تحریک کو مزید مضبوط کرے گی۔ ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ حزب اللہ کے سربراہ مسلمانوں کے فخر اور مزاحمت کی علامت تھے اور بالآخر شہادت کا اپنا دیرینہ خواب پورا کرلیا۔


































