
ڈھاکا : بنگلہ دیش کی عبوری حکومت نے معزول وزیراعظم شیخ حسینہ، ان کی کابینہ کے تمام ارکان اور بیگمات کے سفارتی پاسپورٹ منسوخ کر دیے ہیں۔ بنگلہ دیشی حکومت کے اقدام کے بعد ہندوستان میں کئی روز سے مقیم شیخ حسینہ کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔ جن کے بارے میں یہ کہا جا رہا تھا کہ وہ ہندوستان سے کسی مغربی ملک منتقل ہونا چاہتی ہیں۔ سرکاری نیوز ایجنسی بی ایس ایس کے مطابق حسینہ کے پاس سفارتی پاسپورٹ کے علاوہ کوئی پاسپورٹ نہیں ہے۔ سفارتی پاسپورٹ کی منسوخی ان کی حوالگی کے خدشات کو بڑھارہی ہے۔ وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ شیخ حسینہ اور دیگر عام پاسپورٹ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ تاہم پاسپورٹ ملنے کا دارومدار سیکورٹی کلیئرنس پر ہوگا۔ نیوز ایجنسی کے مطابق حسینہ واجد پر قتل کے بیالیس مقدمات سمیت اکاون مقدمات قائم ہیں اور بنگلا دیش ہندوستان سے مجرموں کی حوالگی کے معاہدے کے تحت حسینہ واجد کو حوالے کرنے کا مطالبہ کرسکتا ہے۔


































