
غزہ :حماس نے اسرائیلی حکومت اور غیر قانونی آباد کاروں کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے سے فلسطینیوں کی بیدخلی کے منصوبے پر خبردار کیا ہے۔ حماس کے سینئر رہنما محمود مرداوی نے کہاکہ صیہونی حکومت آبادی کی حقیقت کو تبدیل کرنے اور مغربی کنارے کے الحاق کے منصوبے کو مکمل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسافر یتہ، وادی اردن۔ نابلس، سلفیت اور رام اللہ کے آس پاس کے دیہات میں حالیہ کارروائیاں مغربی کنارے میں فلسطینیوں کی موجودگی کو نشانہ بنانے کا سنجیدہ منصوبہ ہے۔انہوں نے کہا کہ قابض حکومت کئی سال میں فلسطینیوں کی ہزاروں ایکڑ اراضی پر قبضہ کرچکی ہے۔
ادھر غزہ کی حکمرانی کے حوالے سے فتح اور حماس کے درمیان قاہرہ میں حالیہ بات چیت میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔ دونوں فریقوں نے غزہ میں نئے انتظامی ڈھانچے کیلئے خاکہ بنانے پر اتفاق کیا تاہم کئی متنازع مسائل پر مزید بات چیت کی جائے گی۔


































