
قاہرہ : حماس نے جنگ بندی معاہدے کیلئے ہتھیار ڈالنے کی تجویز کو ناقابل قبول قرار دیکر مسترد کردیا۔ حماس کے سینئر عہدیدار سمیع ابو زہری نے کہا کہ فلسطینیوں کے مصائب کو کم کرنے کے تمام پیشکشوں پر غور کرنے کو تیار ہیں۔ لیکن نیتن یاہو جنگ بندی معاہدے کو سبوتاژ کرنے کے لیے ناممکن شرائد عائد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنی تازہ ترین تجویز میں اسرائیل نے جنگ کے مکمل خاتمے کا عہد نہیں کیا وہ صرف اسیروں کو حاصل کرنا چاہتا ہے۔ سمیع ابوزہری نے کہا کہ ہم جنگ کے خاتمے اور غزہ کی پٹی سے انخلاء کے بدلے تمام زندہ اور مردہ اسیروں کو ایک ساتھ رہا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حماس کے لیے ہتھیار ڈالنا کوئی آپشن نہیں ہے، اور ہم اپنے لوگوں کا عزم توڑنے کو قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حماس ہتھیار ڈالے گی اور نہ ہی سفید جھنڈا اٹھائے گی۔ اسرائیل کیخلاف تمام پریشر کارڈ استعمال کرے گی۔ حماس کے ہتھیار بات چیت کے تابع نہیں ہیں۔


































