
غزہ: حماس نے غزہ میں جنگ بندی کیلئے امریکا کی نئی تجاویز کو مسترد کردیا ہے۔ دوحہ میں امریکا، قطر اور مصر کی ثالثی میں مذاکرات کا پہلا دور کسی خاص پیشرفت کے بغیر ختم ہوگیا۔ مذاکرات کا اگلا دور اگلے ہفتے قاہرہ میں ہوگا۔ اجلاس کے بعد جاری تینوں ممالک کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ امریکا نے جنگ بندی سے متعلق نئی تجاویز پیش کی۔ مذاکرات کار امریکی تجاویز پر مشاورت کے بعد قاہرہ میں مذاکرات کریں گے۔ امریکی عہدیدار نے کہا کہ قاہرہ میں نیا عمل درآمد سیل قائم کیا جائے گا جو یرغمالیوں کی رہائی۔ انسانی امداد کی فراہمی اور معاہدے کی شرائط پر عملدرآمد یقینی بنائے گا۔ حماس نے مذاکرات میں امریکا کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز کو مسترد کردیا ہے۔ حماس نے کہا ہے کہ مصر کے ساتھ سرحد پر اسرائیل کی فوجی موجودگی اور اپنے گھروں کو واپس جانے والوں کو اسرائیلی فوجی اسکروٹنی سے گزارنا قابل قبول نہیں ہے۔ اے ایف پی کے مطابق حماس نے فلسطینی قیدیوں کے تبادلے پر اسرائیل کے ویٹو کا حق اور کچھ قیدیوں کو غزہ واپس بھیجنے کی بجائے ملک بدر کرنے کی شرط پر بھی اعتراض کیا ہے۔


































