
بیروت : حماس نے اسرائیل کی عبوری جنگ بندی کی پیش کش کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزاحمتی تنظیم جنگ کے خاتمے کیلئے عبوری نہیں ۔ جامع معاہدہ چاہتی ہے۔ حماس کے رہنما اور مذاکراتی ٹیم کے سربراہ خلیل الحیا نےکہا کہ حماس جنگ کے خاتمے۔فلسطینیوں کی رہائی اور غزہ کی تعمیر نو کے بدلے اپنی تحویل میں موجود یرغمالیوں کی رہائی کے لیے فوری طور پر جامع پیکیج پر مشتمل مذاکرات کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حماس اب عبوری معاہدوں پر راضی نہیں ہوگی۔ نیتن یاہو اور ان کی حکومت جزوی معاہدوں کو اپنے سیاسی ایجنڈے کے طور پر استعمال کرتے ہیں، جس کی بنیاد تباہی اور بھوک کی جنگ کو جاری رکھنے پر ہے چاہے اس کی قیمت ان کے تمام قیدیوں کی قربانی کیوں نہ ہو، ہم اس پالیسی کو آگے بڑھانے کا حصہ نہیں بنیں گے۔ الحیا نے بین الاقوامی برادری سے غزہ کی ناکہ بندی کو فوری طور پر ہٹانے کے لیے مداخلت کرنے اور دباؤ ڈالنے کا مطالبہ بھی کیا۔


































