
غزہ: حماس کا امریکی نژاد اسرائیلی فوجی ایڈن الیگزینڈر کی حفاظت پر مامور گروپ سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے ایک بیان میں کہا ہےکہ اسرائیلی فضائیہ نے اس مقام پر بمباری کی تھی جہاں ایڈن الیگزینڈر کو رکھا گیا تھا۔ اس حملے کے بعد سے قیدی کی حفاظت پر مامور گروپ سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ القسام بریگیڈ نے بیان میں کہا کہ ہم گروپ تک پہنچنے کی اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں ہم نے پہلے ہی آگاہ کردیا تھاکہ اسرائیلی بمباری سے نہ صرف فلسطینی شہریوں بلکہ غزہ میں قید اسیروں کو بھی خطرہ لاحق ہے۔
اُدھر حماس نے ایک بیان میں عالمی سطح پرمظاہروں کا ہفتہ منانے کا مطالبہ کیا ہے۔ حماس نے تمام اقوام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ "غزہ چیخ رہا ہے” کے عنوان کے تحت مظاہروں کے عالمی ہفتہ میں شرکت کریں تاکہ محصور فلسطینیوں کی حالت زار پر مزید توجہ مبذول کرائی جائے۔


































