
غزہ : حماس نے غزہ سٹی میں عمارت کے انہدام اور شہادتوں کا ذمہ دار اسرائیل کو قرار دیتے ہوئے خبردار کیاہےکہ غزہ میں دو ہزار عمارتیں ایسی ہیں جو کسی بھی وقت گرسکتی ہیں۔ حماس نے ایک بیان میں کہا کہ غزہ میں عمارت کا انہدام جنگ کے تباہ کن انسانی اثرات کا ایک نیا باب ہے۔ گھروں اور رہائشی مقامات کی وسیع تباہی نے ہزاروں فلسطینیوں کو تباہ شدہ عمارتوں میں پناہ لینے پر مجبور کردیا۔
حماس نے خبردار کیا کہ ملبہ ہٹانے کی مشینری اور بچاؤ کے آلات کی شدید کمی مزید جانیں ضائع ہونے کا خطرہ پیدا کر رہی ہے۔ حماس نے فوری طور پر بھاری مشینری اور شہری دفاع کے آلات غزہ میں داخل کرنے کا مطالبہ کیا، تاکہ بچاؤ ٹیمیں ملبے کے نیچے پھنسے ہوئے افراد تک پہنچ سکیں۔ غزہ سٹی میں اسرائیلی حملے میں تباہ عمارت گرنے سے خواتین اور بچوں سمیت اکیس افراد شہید اور کئی زخمی ہوگئے تھے۔


































