
بیروت : حماس نے اسماعیل ہنیہ کی جگہ تحریک کے نئے سربراہ کے انتخاب کے لئے وسیع مشاورتی عمل شروع کر دیا ہے۔ حماس نے ایک بیان میں کہاہے کہ کئی اعلیٰ عہدیدار ہنیہ کی جگہ لے سکتے ہیں۔ گروپ کی شوریٰ کونسل کے اجلاس میں نئے سربراہ کا فیصلہ ہو گا۔ حماس نے فلسطینی عوام اور عرب اور اسلامی اقوام کو یقین دلایا کہ تحریک کے انتظامی ادارے اور اس کی شوریٰ کونسل کا فریم ورک انتہائی مشکل حالات میں مزاحمت کی کارروائیوں کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے موثر اور عملی طریقہ کار کے تحت کام جاری رکھے گا۔ بی بی سی نے ایک رپورٹ میں اسماعیل ہنیہ کے جانشین بننے کے لئے پانچ رہنماؤں کے نام پیش کئے ہیں۔ جس میں حماس کے خفیہ ادارے ’مجد‘ کے بانی یحییٰ ابراہیم السنوار سرفہرست ہیں۔ حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے بانی محمد الضیف۔ القسام بریگیڈ کے نائب کمانڈر مروان عیسیٰ۔ سائے کا شہزادہ کہلانے والے عبدالله البرغوثي اور حماس کے بانیوں میں شمال خالد مشعل شامل ہیں۔ خالد مشعل 1996 سے 2017 تک حماس کے سیاسی بیورو کے صدر بھی رہے ہیں۔


































