
قاہرہ : حماس کا کہنا ہے کہ وہ قاہرہ جنگ بندی مذاکرات سے مثبت انداز میں نمٹ رہی ہے۔ حماس کا مذاکراتی وفد سینئر عہدیدار خلیل الحیا کی قیادت میں مصر کی سرکاری دعوت پر قاہرہ پہنچ گیا ہے۔ایک بیان میں حماس نے کہا کہ وفد قطری اور مصری ثالثوں سے ملاقات کرے گا تاکہ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جارحیت کو ختم کرنے کے لیے ایک معاہدے تک پہنچنے اور جنگ بندی کو یقینی بنانے کی کوششیں جاری رکھیں۔ حماس نے بتایا کہ غزہ میں مستقل جنگ بندی،اسرائیلی افواج کے مکمل انخلاء، فلسطینی عوام کے مصائب کا خاتمہ اور قیدیوں کے تبادلے کی تجاویز پر بات چیت کی جارہی ہے۔اسرائیلی براڈکاسٹر کان نے رپورٹ دی ہے کہ حماس اور اسرائیلی حکومت کے درمیان مذاکرات بظاہر تعطل کے باوجود جاری ہیں۔ پیش رفت کو آسان بنانے کے لیے حالیہ بات چیت مکمل رازداری میں کی گئی ہے۔


































