
غزہ : حماس نے مسجدالاقصی کے دفاع کیلئے تمام فلسطینوں کو سڑکوں پر نکلنے کی اپیل کردی۔ حماس نے ایک بیان میں کہا کہ تمام فلسطینیوں کو چاہئیے کہ وہ مسلمانوں کے قبلہ اول مسجدالاقصی کے دفاع کیلئے اٹھ کھڑے ہوں اور زبردست احتجاج کریں۔ حماس نےغاصب صیہونی حکومت کو متنبہ کیا کہ وہ مسجدالاقصی سے متعلق دشمنانہ اقدام سے صرف نظر کریں ۔ اس نے مسجدالاقصی کے خلاف کسی بھی قسم کی حرکت کی تو اس کے خطرناک نتائج بر آمد ہوں گے۔ حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے بھی قابضین کو خبردار کیا کہ اگر آپ کو یقین ہے کہ مسجد الاقصیٰ پر حملہ کرکے اسکی اسلامی شناخت کو تبدیل کر سکتے ہیں تو آپ بالکل غلطی پرہیں۔ صیہونیوں کی جارحیت سے کشیدگی میں مزید شدت آئے گی اور ان سے نمٹنے کا عزم مزید مستحکم ہو گا۔ اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ مسجد الاقصی میں صیہونی جارحیت اور قتل عام اس حکومت کی عمر کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ اس جابر حکومت کے خاتمے کا باعث ہوگا۔


































