
اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے حج 2022 کی پالیسی کی منظوری دے دی ہے، ہر حاجی کیلئے وزیراعظم اور کابینہ نے ایک لاکھ 50 ہزار کی سبسڈی کا اعلان کیا ہے جس کے باعث بغیر قربانی کے حج پیکیج 6 لاکھ 64 ہزار 807 اور بمعہ قربانی 7 لاکھ 10 ہزار 178 روپے کا ہوگا، پہلی حج پرواز روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت 6 جون کو حجاز مقدس روانہ ہوگی۔انہوں نے یہ اعلان وزارت مذہبی امور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مکہ اور مدینہ میں سستی عمارات حاصل کیں، خوراک کی مد میں بچت کیلئے اقدامات اٹھائے، حاجیوں کیلئے تین وقت کا کھانا 27 ریال میں معاہدہ کیا، حرم کے قریب ترین رہائشی عمارتیں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 6 ماہ کا کام ایک ماہ میں کیا ہے، عازمین حج مطمئن رہیں، وزارت کا عملہ، بینک اور ایئرلائنز کام خوش اسلوبی سے کر رہے ہیں،پرواز کی اطلاع عازمین حج کو بذریعہ ایس ایم ایس اور ویب سائٹ کر دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ 810 کل معاونین حج جا رہے ہیں، ان کے ویزے سعودی حکام کی جانب سے فراہم کئے جاتے ہیں، ان میں سیزنل اسٹاف، خدام الحجاج اور دیگر معاونین شامل ہیں۔


































