
تل ابیب: اسرائیل میں امریکی سفیر مائیک ہکابی نے کہا ہے کہ خلیجی ممالک کو ایران اور اسرائیل میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مزید مشرقِ وسطیٰ کے ممالک جلد ابراہام معاہدوں میں شامل ہو سکتے ہیں۔ اسرائیل میں امریکی سفیر مائیک ہکابی نے ایک خطاب میں کہا کہ انہیں امید ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کے مزید ممالک جلد اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے لیے ابراہام معاہدوں میں شامل ہوں گے۔ انہوں نے ایران کے خلاف جاری جنگ کے لیے امریکی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اور امریکا دونوں ایرانی خطرے کا سامنا کر رہے ہیں۔ مائیک ہکابی کا کہنا تھا کہ خلیجی ممالک اب یہ سمجھ چکے ہیں کہ انہیں فیصلہ کرنا ہوگا کہ ان کے لیے زیادہ خطرہ ایران ہے یا اسرائیل۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل خلیجی ممالک پر قبضہ یا حملوں کی کوشش نہیں کر رہا جبکہ ایران خطے میں میزائل حملوں اور عسکری دباؤ کی پالیسی اختیار کیے ہوئے ہے۔


































