
نیویارک : ایران نے امریکا اور اسرائیل کے خلاف جنگ میں معاونت کرنے والے علاقائی ممالک سے نقصانات کے ازالے کا مطالبہ کردیا ہے۔ اقوام متحدہ میں ایرانی سفیر امیر سعید ایروانی نے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اور صدر سلامتی کونسل کے نام خط میں قطر۔ بحرین۔ متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، کویت اور اردن کے الزامات کو مسترد کردیا۔
انہوں نے لکھا کہ خلیجی ممالک نے اپنی سرزمین پر فوجی اڈے ایران کے خلاف جارحیت کے لیے فراہم کر کے جنگ میں حصہ لیا۔ ان ممالک نے تنازعہ کی بنیادی وجوہات کو نظر انداز کرکے اپنی غیر قانونی فوجی کارروائیوں کا الزام ایران پر ڈالنے کی کوشش کی۔ امیر سعید ایراوانی کے مطابق ایران نے تنازع یا جنگ کا آغاز نہیں کیا۔
اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے جائز حقِ دفاع کو جارحیت کے جواب میں استعمال کیا۔ایرانی سفیر نے مؤقف اختیار کیا کہ ان ریاستوں کو اپنے اقدامات پر جوابدہ ہونا چاہیے۔ ایران کو پہنچنے والے مادی اور اخلاقی نقصانات کا مکمل ازالہ کیا جائے۔


































