
قم المقدس : ایران کے بزرگ مرجع تقلید آیت اللہ العظمی سید محمد علی علوی گرگانی خالق حقیقی سے جاملے. مرحوم علوی گرگانی کی عمر 82 سال تھی۔ ہفتے کو ان کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی جس کے بعد انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ آیت اللہ العظمی سید محمد علی علوی گرگانی عظیم الشان مرجع تقلید اور حوزہ علمیہ قم کے بزرگ اساتذہ میں سے تھے۔ آیت اللہ علوی گرگانی، آیت اللہ العظمی حسین بروجردی، امام خمینی، آیت اللہ العظمی گلپائگانی اور آیت اللہ العظمی اراکی کے شاگرد تھے۔ آپ نے مختلف موضوعات پر دسیوں کتابیں تحریر کیں جو شائع ہو کر منظرعام پر آچکی ہیں۔ مرحوم آیت اللہ علوی گرگانی نے حوزہ علمیہ قم میں درس و تدریس کے ساتھ ہی سینکڑوں شاگردوں کی تربیت اور ملک کے مختلف علاقوں میں دینی مراکز، مساجد، مدارس اور اسپتال بھی تعمیر کرائے۔


































