
مرجع تقلید حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی نے جامع مسجد امامیہ کوچہ رسالدار پشاور میں دوران نماز جمعہ تکفیری دہشت گردوں کے خود کش حملے کی مذمت کی ہے اور درجنوں نمازیوں کی شہادت پر اظہار افسوس اور تعزیت کیا ہے۔ اپنے مرکزی دفتر سے جاری تعزیتی پیغام میں مرجع عالی قدر نے کہا کہ پاکستانی شہر پشاور کے باایمان بھائی بہنوں ! اللہ تعالی آپ کی عزت میں اضافہ فرمائے، رسالدار کی مسجد میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے دردناک سانحہ میں بے گناہ نمازیوں کی ایک بڑی تعداد کے شہید اور زخمی ہونے پر انتہائی افسوس اور دکھ ہوا، آپ عزیزوں کی خدمت میں تعزیت و تسلیت عرض ہے، سوگواروں سے اظہار ہمدردی کرتے ہیں آپ کو صبر و استقامت کی تلقین ہے، زخمیوں کی جلد شفا یابی کے لئے دعا گو ہیں اور اس درد ناک سانحہ میں شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی کے خواستگار ہیں۔
آیت اللہ العظمیٰ سیستانی کے بیان کے مطابق حوزہ علمیہ نجف اشرف اور مرجعیتِ اعلیٰ مسلمانوں کی وحدت کو نقصان پہنچانے والے اس سنگین اور ہولناک جرم کی شدید مذمت کرتے ہیں اور حکومتِ پاکستان سے پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشت گردوں کے خلاف سخت اقدام کیا جائے، ان کے ظلم و بربریت سے بے یارومددگار لوگوں کو بچایا جائے اور ایسے احتیاطی اقدامات کئے جائیں جس سے دینی اجتماعات وحشی حملوں سے محفوظ رہیں اور آئندہ درندہ و سنگدل گروہوں کے ظلم کا شکار نہ ہو سکیں، پاکستانی قوم کی عزت و سر بلندی کے لئے خدا کے حضور دعاگو ہیں۔


































